ہسپتالوں میں گارڈز ، صفائی عملے کو مقررہ اجرت سے کم ادائیگی
ٹھیکیداروں کی جانب سے کم تنخواہوں کی ادائیگی سراسر زیادتی :ترجمان محکمہ صحت
لاہور(سجاد کاظمی سے )لاہور کے پانچ بڑے سرکاری تدریسی ہسپتالوں میں صفائی عملے اور سکیورٹی گارڈز کو کم از کم مقررہ ماہانہ اجرت سے کم تنخواہیں دینے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق میو، جنرل، جناح، سر گنگا رام اور سروسز ہسپتالوں میں کنٹریکٹ پر تعینات ملازمین کو مختلف ٹھیکیداروں کے ذریعے 15 ہزار سے 40 ہزار روپے تک ماہانہ تنخواہیں دی جا رہی ہیں، حالانکہ کم از کم مقررہ اجرت سے کم ادائیگی قانون کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے ۔میو ہسپتال لاہور میں صفائی عملے کو 25 سے 29 ہزار روپے جبکہ سکیورٹی گارڈز کو 22 سے 30 ہزار روپے تک ادا کیے جا رہے ہیں۔
جناح ہسپتال میں صفائی عملے کو 15 سے 20 ہزار اور سیکیورٹی گارڈز کو 18 سے 30 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔اسی طرح سر گنگا رام ہسپتال میں صفائی عملے کی تنخواہیں 25 سے 35 ہزار روپے جبکہ سیکیورٹی گارڈز کو 25 سے 30 ہزار روپے تک ادا کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ سروسز ہسپتال میں صفائی عملے کو 18 سے 30 ہزار اور سیکیورٹی گارڈز کو 25 سے 40 ہزار روپے تک تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد ہسپتالوں میں ٹھیکیدار ملازمین کو بینک اکاؤنٹس کے بجائے جاز کیش اور ایزی پیسہ کے ذریعے تنخواہیں ادا کر رہے ہیں۔ترجمان محکمہ صحت نے اس صورتحال کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھیکیداروں کی جانب سے کم تنخواہوں کی ادائیگی سراسر زیادتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments