عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے :جماعت اسلامی
کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی حمایت جاری رکھیں گی:سیکرٹری حلقہ خواتین
لاہور(اے پی پی)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کا تاریخی دن کشمیری عوام کی پاکستان سے نظریاتی، تاریخی وقلبی وابستگی کا مظہر ہے ، کشمیری عوام نے پاکستان سے الحاق کے جس عزم کا اظہار کیا تھا وہ آج بھی اپنی جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے اس پر ثابت قدم ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے ، مگر ظلم و جبر کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکا، کشمیری مرد،خواتین اور نوجوان حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔پاکستانی قوم، بالخصوص پاکستان کی خواتین، اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں، ان کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور انسانی حمایت جاری رکھیں گی،عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے ۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دینا آج بھی ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے ، کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، آزادی کی منزل قریب آئے گی اور ظلم کا نظام ہمیشہ کے لیے شکست سے دوچار ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments