غیر رجسٹرڈ نجی ڈرائیونگ سکولز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
24 ہزار شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا:ترجمان سٹی ٹریفک پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی اولاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر بھر میں غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ ڈرائیونگ سکولز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج سے بغیر رجسٹریشن اور متعلقہ اجازت نامے کے کوئی بھی پرائیویٹ ڈرائیونگ سکول کام نہیں کر سکے گا۔سی ٹی او لاہور کے مطابق موٹر وہیکل رولز 1969کے سیکشن 23کے تحت ڈرائیونگ سکولز کیلئے قانونی تقاضوں پر عملدرآمد لازمی ہے ، جبکہ رجسٹریشن بھی انہی قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے لیے ڈرائیونگ سکول میں ڈوئل پیڈل کنٹرول سے لیس تربیتی گاڑی، باقاعدہ عمارت، کلاس روم اور تربیت یافتہ و مستند انسٹرکٹرز کی موجودگی ضروری ہوگی۔ ان شرائط پر پورا نہ اترنے والے اداروں کو ڈرائیونگ کی تربیت دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثنا ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار سے زائد شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔ ان میں 9ہزار سے زائد افراد نے لرننگ لائسنس جبکہ 8ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا۔ اسی دوران 8 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کروائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments