پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں بھی کلین سویپ کریگی:سلیم حیدر
گورنر پنجاب سے پی پی پی ضلع شیخوپورہ کے رہنمائوں کی ملاقات،سیاسی امور پر گفتگو
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے پی پی پی ضلع شیخوپورہ کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے ۔وفد میں حاجی فلک شیر ایڈووکیٹ، چودھری منیر قمر رابگہ، چودھری خالق عزیز ورک، سید ندیم عباس کاظمی، چودھری طاہر سعیدگجر، کاشف گیلانی اور دیگر رہنما شامل تھے ، اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، گلگت بلتستان میں پارٹی کی کامیابی، آزاد کشمیر کے انتخابات اور ضلع شیخوپورہ میں پیپلز پارٹی کی سیاسی و تنظیمی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کی گئی ایک عظیم ریاست ہے ۔ آج بھی پاک فوج کے جوان ریاست پاکستان کی خود مختاری اور بقا کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ۔پاک فوج ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حقیقی امین ہے اور قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے ۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جس طرح پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے پارٹی ان کے اس اعتماد کو ہرگز ٹھیس نہیں پہنچنے دے گی اور عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں بھی کلین سویپ کر کے حکومت بنائے گی اور بند کشمیر کو کھولنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
انہوں نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند عناصر نے کشمیر کو یرغمال بنا رکھا ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت اقدام ہے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، کشمیری عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی پیپلز پارٹی کا منشور ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس پارٹی عہدے ہوں یا نہ ہوں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ،ہمارا واحد ہدف ضلع شیخوپورہ کو دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منی لاڑکانہ بنانا ہے اور اس مقصد کیلئے ہر پارٹی رہنما اور کارکن اپنا بھرپور اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے ۔ملاقات کے آخر میں گورنرسردار سلیم حیدر نے ملاقات کرنیوالے وفد کی پارٹی خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایات دیں کہ ہر پارٹی رہنما اور ورکر پارٹی پیغام کوگھر گھر پہنچاکر چیئرمین پیپلزپارٹی کے ویژن کو واضح کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments