جنرل ہسپتال :لیبارٹری میں کیمسٹری مشین خراب،ٹیسٹ متاثر
اے سی خراب سے کیمسٹری مشین غیرفعال :ہیڈ نازش، مشین خرابی کاعلم نہیں:ایم ایس
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )جنرل ہسپتال کی سنٹرل لیبارٹری میں سپیشل کیمسٹری مشین خراب ہونے سے مختلف اہم تشخیصی ٹیسٹ متاثر ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق پی آئی این ایس کی فرسٹ فلور پر واقع سنٹرل لیب کا اے سی سسٹم خراب ہونے کے باعث لیبارٹری کا درجہ حرارت بڑھ کر تقریباً 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ سپیشل کیمسٹری مشین تقریباً 18 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر کام کرتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی کی خرابی کے باعث مشین ورکنگ میں نہیں رہی، جس سے ڈینگی، ہیپاٹائٹس، تھیرائیڈ اور شوگر سمیت مختلف ٹیسٹ متاثر ہوئے ہیں۔ وٹامن ڈی اور سی اے 125 کینسر کی تشخیص کے ٹیسٹ بھی متاثر ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ہیڈ آف سنٹرل لیب پروفیسر نازش کے مطابق اے سی خراب ہونے کے باعث سپیشل کیمسٹری مشین ورکنگ میں نہیں ہے ۔ دوسری جانب ایم ایس لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا ہے کہ انہیں مشین خراب ہونے کا علم نہیں، وہ معاملے سے متعلق معلوم کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments