موٹرسائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز کے استعمال کی مہم کاآغاز
سی ٹی او کی موٹرسائیکل مینوفیکچررز سے ملاقات،سائیڈ مرربارے تجاویز پیش شہریوں کو محفوظ بنانے کیلئے ناگزیر اقدامات اٹھائے جائینگے،عبدالرحیم شیرازی
لاہور(کرائم رپورٹر)ہیلمٹ اور لین لائن کی پابندی کے ساتھ موٹرسائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز کے استعمال سے متعلق بھی خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ موٹرسائیکل سواروں کو محفوظ ڈرائیونگ، ہیلمٹ کے استعمال، لین ڈسپلن اور سائیڈ ویو مررز کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ اور ایجوکیشن دی جائے ۔سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں تقریباً 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیوں میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں، جبکہ ایکسیڈنٹ رپورٹ کے مطابق تقریباً 70 فیصد جانی حادثات میں بلاواسطہ یا بالواسطہ طور پر موٹرسائیکل سواروں کی جانیں ضائع ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں کو محفوظ بنانے کیلئے سخت اور ناگزیر اقدامات اٹھائے جائیں گے ، جبکہ محفوظ موٹر سائیکل سواری کیلئے ہیلمٹ، لین ڈسپلن اور سائیڈ ویو مررز کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے ۔سی ٹی او لاہور نے موٹرسائیکل مینوفیکچررز کمپنیوں کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور سائیڈ ویو مررز کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ موٹر سائیکل کمپنیوں کو ڈیٹیچ ایبل سائیڈ ویو مررز متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments