بورڈ چیئرمینز سے 2 سالہ کرپشن شکایات کی تفصیلات طلب
تمام زیر التوا انکوائریوں کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت
لاہور(خبر نگار)چیئرمین ٹاسک فورس امتحانی اصلاحات نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز سے گزشتہ دو سال کے دوران کرپشن اور بے ضابطگیوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات اور ان پر ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ مراسلے میں تمام بورڈز سے سال 2024 سے اب تک کرپشن سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا ریکارڈ مانگا گیا ہے ، جبکہ ان شکایات پر ہونے والی تحقیقات کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔غفلت، نااہلی اور بدعنوانی کے الزامات پر پیڈا ایکٹ کے تحت شروع کی گئی انکوائریوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
مراسلے کے مطابق جن انکوائریوں میں کرپشن کے الزامات ثابت ہوئے ، ان کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ کرپشن پر معمولی یا بڑی سزا پانے والے افسران اور اہلکاروں کا ریکارڈ بھی ٹاسک فورس کو دینا ہوگا۔کرپشن کے مقدمات میں دی جانے والی سزاؤں کی نوعیت اور سزا پانے والے افسران و اہلکاروں کے نام بھی طلب کیے گئے ہیں۔ٹاسک فورس نے تمام زیر التوا انکوائریوں کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔ بورڈز کو فراہم کی جانے والی معلومات کی متعلقہ چیئرمین سے تصدیق اور مجاز افسر سے تصدیق شدہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments