پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ : شہریوں کیلئے مفت سفر یا سبسڈی دینے پر غور
مفت سروس کی صورت میں خزانے پر اضافی بوجھ کی مکمل ورکنگ طلب ،حکومتی ہدایات پر پنجاب کی ماس ٹرانزٹ سروسز کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہاسفری اخراجات کم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی سطح پر مشاورت ،تجاویز مرتب کرکے حکومت کو ارسال کی جائینگی،حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کرینگی:وزیر ٹرانسپورٹ
لاہور( شیخ زین العابدین )مفت سفر یا سبسڈی، دونوں آپشنز پر مالی اثرات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں، حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کرینگی ۔ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں پر بڑھتے ہوئے سفری اخراجات کم کرنے کے لیے پنجاب حکومت کی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ حکومتی ہدایات پر پنجاب کی ماس ٹرانزٹ سروسز کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، جن میں میٹرو بس سروس، اورنج لائن ٹرین اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں سبسڈی دینا بھی شامل ہے۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے مکمل طور پر مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے بجائے موجودہ ماس ٹرانزٹ سروسز پر حکومتی سبسڈی دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے مفت ماس ٹرانزٹ سروس کی صورت میں سرکاری خزانے پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کی مکمل ورکنگ طلب کرلی ۔حکومت کی جانب سے یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ اگر شہریوں کو مکمل مفت سفری سہولت فراہم کی جائے تو پنجاب حکومت کو اضافی طور پر کتنے اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔
حکومت کے سامنے اس وقت دو بنیادی آپشنز ہیں، ماس ٹرانزٹ سروسز کو سبسڈی دے کر شہریوں کے سفری اخراجات کم کیے جائیں یا مخصوص ماس ٹرانزٹ سروسز کو مکمل طور پر مفت کردیا جائے ۔ذرائع کے مطابق دونوں تجاویز کے مالی اثرات، حکومتی اخراجات اور سبسڈی کی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد سفارشات پنجاب حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا ہے کہ تجاویز مرتب کرکے پنجاب حکومت کو ارسال کی جائیں گی، جبکہ ٹرانسپورٹ سبسڈی کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments