آئی جی کی علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش پرمزار پر سلامی پیش
آئی جی کی علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش پرمزار پر سلامی پیش مفکر پاکستان کی شاعری، خودداری کا درس پولیس کیلئے مشعل راہ :عبدالکریم
لاہور(کرائم رپورٹر)شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔آئی جی نے مزار پر سلامی پیش کی اور علامہ اقبالؒ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے ۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں تحریک آزادی کیلئے جدوجہد کا نیا جوش اور جذبہ پیدا کیا اوراور انہیں آزادی کے حصول کیلئے متحد کیا۔ انکے افکار، شاعری اور انصاف پسندی کا درس پنجاب پولیس کیلئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہا یوم اقبال بحیثیت قوم اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم علامہ اقبالؒ کے افکار و نظریات کو اپنی زندگیوں میں مشعل راہ بنائیں۔ علامہ اقبالؒ کا پیغام خودی، عمل، اتحاد اور یقین محکم ہماری قومی ترقی کا بنیادی راستہ ہے ۔ انکے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی ایک مضبوط، پُرامن، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ممکن ہے ۔اس موقع پر اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی فاروق سلطان سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسر بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments