مرغی ،انڈے، چھوٹا بڑا گوشت مہنگے، شہری پریشان
برائلر590،چھوٹا گوشت 3ہزارسے 3400،بیف 1200سے 1400روپے کلو ،انڈے 270روپے درجن بیچے جارہے اشیائے خورونوش کی نرخوں کے برعکس فروخت پر ، متعلقہ ادارے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی ،نوٹس کامطالبہ
لاہور(آئی این پی )صوبائی دارالحکومت میں مرغی، انڈوں ،چھوٹے اور بڑے گوشت کی اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخوں سے زائد پر فروخت جاری جبکہ ضلعی انتظامیہ ، متعلقہ ادارے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، شہری دکانداروں کی گرانفراوشی سے سخت پریشان ہیں ۔ سرکاری ریٹ 577 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود شہر میں مختلف مقامات پر مارکیٹوں میں پرچون دکانوں پر مرغی کا گوشت 585 سے 590 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے ، جو سرکاری نرخ سے 10 سے 15 روپے زائد ہے ۔
اسی طرح چھوٹا گوشت سرکاری نرخ 1600 روپے کے بجائے 3000 سے 3400 روپے فی کلو جبکہ بڑا گوشت 800 روپے کے بجائے 1200 سے 1400 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے ۔ فارمی انڈوں کا سرکاری نرخ 261 روپے فی درجن مقرر ہے ، تاہم مارکیٹ میں انڈے 265 سے 270 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت بھی اب غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے ، روز بروز بڑھتی مہنگائی کے ستائے ہوئے شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر گرانفروشی پر دکانداروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے ،مرغی ، گوشت اور انڈوں سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments