سیداں والا بائی پاس پرجدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلز سسٹم کا افتتاح

سیداں والا بائی پاس پرجدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلز سسٹم کا افتتاح

اقدام سے ٹریفک حادثات میں کمی ، نظام مربوط بنانے میں مدد ملے گی

ملتان ( وقائع نگار خصوصی،کرائم رپورٹر) سیداں والا بائی پاس پر جدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلز باقاعدہ طور پر فعال کر دیئے گئے ہیں۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ سگنلز فاصلہ سے واضح نظر آتے ہیں، جس سے ڈرائیورز بروقت رفتار کم یا برقرار رکھنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں اور ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔کمشنر عامر کریم خاں کے مطابق بڑے پولز پر نصب ہری اور لال روشنیاں آنے والی ٹریفک کی پیشگی راہنمائی کرتی ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس اپنی حکمت عملی کے مطابق سگنلز کی ٹائمنگز ایڈجسٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیداں والا بائی پاس شہر کا اہم چوک ہے ، اس لئے اشاروں کے نظام کو مؤثر انداز میں چلانا اور یہاں ٹریفک نظم کو بہتر بنانا ناگزیر ہے ۔عامر کریم خاں نے بتایا کہ پہلے اس مقام پر بڑا راؤنڈ اباؤٹ موجود تھا، جہاں ٹریفک جام معمول تھا۔

شہریوں کی آسانی کے لئے چوک کو ختم کر کے جدید ڈیجیٹل اشارے نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شہر میں ڈیجیٹل اشاروں کی چوتھی تنصیب ہے ۔ اس سے قبل عیدگاہ، نواں شہر چوک اور نو نمبر چوک میں بھی جدید اشارے انسٹال کئے جا چکے ہیں۔کمشنر نے زور دیا کہ چوک کو مثالی ماڈل بنایا جائے اور ٹائمنگز سے متعلق کسی قسم کی شکایت پیدا نہ ہو۔ عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کے ہمراہ رات گئے گلگشت کے مختلف علاقوں کا پیدل دورہ کیا۔ انہوں نے برانڈ روڈ اور گول باغ میں ٹریفک دباؤ، پارکنگ مسائل اور بڑھتے ہوئے کمرشل رش کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے موقع پر ہی برانڈ روڈ اور ملحقہ کمرشل اسٹریچ کی اپ لفٹ اور بیوٹیفکیشن پلان کا فیلڈ میں معائنہ کیا اور بہتری کے حوالے سے متعدد تجاویز پر غور کیا۔دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے کمپری ہینسو سکول کے سامنے زیرِ تعمیر نئی سڑک کے کام کی رفتار اور معیار کا بھی جائزہ لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں