بورے والا میں یوم قائد پر سرکاری تقریبات نہ ہو سکیں
دفاتر بند، سرکاری سطح پر تقریبات کا فقدان، شہریوں میں تشویش کی لہر
بورے والا (سٹی رپورٹر )بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت کے موقع پر بورے والا میں سرکاری و سیاسی سطح پر کوئی باقاعدہ تقریب منعقد نہ ہو سکی۔ تحصیل بورے والا میں اسسٹنٹ کمشنر آفس، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور دیگر سرکاری اداروں کے دفاتر بند رہے ، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہر میں یوم قائد کے موقع پر کسی بھی سرکاری ادارے یا عوامی نمائندگی کے دعویدار سیاستدان کی جانب سے پرچم کشائی، دعائیہ نشست یا سیمینار کا انعقاد ممکن نہیں بنایا گیا۔ شہری حلقوں نے کہا کہ قومی دنوں پر سرکاری دفاتر کے سربراہان کی غیر موجودگی اور تقریبات کے فقدان سے یوم قائد کی اہمیت متاثر ہوئی۔سماجی اور شہری حلقوں نے ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور عوامی نمائندگی کرنے والے سیاستدانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ قومی دنوں پر مربوط منصوبہ بندی کے تحت تقریبات کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور نئی نسل کو قائداعظم کی جدوجہد و نظریات سے روشناس کروایا جائے ۔