خانیوال، ٹریفک پولیس کی کارروائیاں، حادثات میں 45 فیصد کمی

خانیوال، ٹریفک پولیس کی کارروائیاں، حادثات میں 45 فیصد کمی

رواں ماہ مجموعی طور پر 20 ہزار 673 چالان ، 11 ہزار 425 گاڑیوں بندکی گئیں

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلع خانیوال میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ ڈی پی ااو اسماعیل کھاڑک کے مطابق مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں ضلع بھر میں ٹریفک حادثات میں 45 فیصد نمایاں کمی دیکھی گئی ہے ۔رواں ماہ کے دوران ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں، اوورلوڈ اور اوور ڈائمینشنل گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کے تحت سخت اقدامات کیے ۔ غیر نمونہ نمبر پلیٹس، بلیک پیپر گاڑیوں اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی۔ مجموعی طور پر 20 ہزار 673 چالان کیے گئے جبکہ 11 ہزار 425 گاڑیوں کو مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بند کیا گیا۔ سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف 169 مقدمات درج کیے گئے تاکہ قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے ۔ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، ٹریفک نظم و ضبط کی بہتری اور سڑکوں پر محفوظ ماحول کے لیے ضروری ہے ۔ انہوں نے ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی ایمانداری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور بلاامتیاز قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی میں غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں