سرکاری دفاتر کی بیوٹیفکیشن کا کام بروقت مکمل کرنیکی ہدایت

سرکاری دفاتر کی بیوٹیفکیشن کا کام بروقت مکمل کرنیکی ہدایت

متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے معیار کو ہرصورت یقینی بنائیں، ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ

مظفرگڑھ(نامہ نگار،سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے عملی نفاذ کے لیے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی زیر صدارت سرکاری دفاتر کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سرکاری عمارتوں پر رنگ برنگی لائٹس، لانز میں گرینری،صفائی ستھرائی اور دیواروں پر خوبصورت خطاطی کے کام کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری دفاتر کی ظاہری حالت کو بہتر بنایا جائے تاکہ نہ صرف دفاتر کا ماحول خوشگوار ہو بلکہ شہریوں پر بھی مثبت تاثر قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ لانز میں مناسب گرینری، عمارتوں کی روشنی کے لیے جدید اور رنگین لائٹس جبکہ دیواروں پر قومی و ثقافتی اقدار کی عکاسی کرتی خطاطی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے مقررہ مدت میں کام مکمل کریں اورمعیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری افسروں و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنے ای چالان بروقت ادا کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے دفاتر میں ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے مکمل نفاذ اور سرکاری فائلوں کی بروقت آن لائن فائلنگ کو بھی لازم قرار دیا تاکہ دفتری امور میں شفافیت اور تیزی لائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں