خانیوال فارم روڈ پر تجاوزات، حادثات معمول بن گئے

خانیوال فارم روڈ پر تجاوزات، حادثات معمول بن گئے

سڑک پر قبضے ،راہگیروں کو مشکلات، کمشنر ملتان ،ڈی سے نوٹس کا مطالبہ

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) خانیوال کے مصروف ترین فارم روڈ پر تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں، جہاں دکانداروں نے سڑک پر قبضہ جما رکھا ہے اور آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق فارم روڈ شہر کا اہم اور مرکزی راستہ ہے ، جہاں دن بھر ٹریفک کا دباؤ رہتا ہے ، تاہم ناجائز تجاوزات کے باعث آمد و رفت نہایت دشوار ہو چکی ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے اپنی دکانوں کے باہر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں اور آدھا سامان سڑک پر رکھا ہوا ہے ، جس کی وجہ سے نہ صرف گاڑیوں بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سڑک تنگ ہونے کے باعث موٹر سائیکل سوار اور دیگر گاڑیاں بار بار حادثات کا شکار ہو رہی ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔اہل علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نظر نہیں آ رہا اور متعلقہ محکمے مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت تجاوزات کا خاتمہ نہ کیا گیا تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ بھی موجود ہے ۔اہل علاقہ نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں