مختلف وارداتیں، شہری لاکھوں کے مال مویشی سے محروم

مختلف وارداتیں، شہری لاکھوں کے مال مویشی سے محروم

فرنیچر و کریانہ دکانوں سے نقدی و سامان ، مختلف علاقوں سے جانور غائب

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کوٹ ادو کے مختلف علاقوں میں چوری کی متعدد وارداتوں میں دکانوں اور مویشی مالکان کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ پولیس نے الگ الگ واقعات کے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ تھانہ سٹی کوٹ ادو کی حدود النور سٹی میں پیش آیا، جہاں رہائشی خضر عباس کی گھر کے ساتھ قائم فرنیچر کی دکان کے تالے توڑ کر چور موٹر دو ہارس پاور، گرائنڈر اور ڈرل مشینیں چوری کر کے لے گئے ۔ چوری ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 85 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے ۔دوسرا واقعہ تھانہ دائرہ دین پناہ کی حدود جھوک کلاسرہ احسان پور میں پیش آیا، جہاں محمد خالد حسین کی کریانہ دکان کی چھت میں نقب لگا کر چور 10 ڈنڈے سگریٹ گولڈ فلیک، کپٹن اور گلا میں موجود ایک لاکھ 35 ہزار روپے نقدی چوری کر کے فرار ہو گئے ۔تیسرا واقعہ تھانہ دائرہ دین پناہ کی حدود چک نمبر 518 ٹی ڈی اے میں پیش آیا، جہاں کاشتکار کوڑا خان کے گھر کے باہر قائم بھانہ مویشاں سے 14 بکرے چوری کر لیے گئے ، جن کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔ چوتھا واقعہ تھانہ سنانواں کی حدود موضع پتی کھر میں پیش آیا، جہاں بابر علی کے بھانہ مویشاں سے ایک بکرا، جس کی مالیت 60 ہزار روپے ہے ، چوری کر لیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں