میلسی ریلوے انٹری گیٹ بند، شہریوں کو شدید مشکلات
چیئرمین ریلوے کو درخواست،فوری نوٹس لے کر مسئلہ حل کرانے کا مطالبہ
میلسی (نامہ نگار)میلسی ریلوے سٹیشن پر انٹری گیٹ بند رکھے جانے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،علاقہ مکینوں نے چیئرمین پاکستان ریلوے سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ میلسی شہر کے رہائشی شہزاد علی راؤ نے چیئرمین پاکستان ریلوے کو درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریلوے سٹیشن پر ٹرین کی آمد یا روانگی کے وقت انٹری گیٹ عوام کے لیے نہیں کھولا جاتا جس سے مسافروں اور شہریوں کو سخت پریشانی لاحق ہو جاتی ہے ۔درخواست گزار کے مطابق بزرگ افراد کو بھاری سامان اٹھا کر متبادل تنگ اور دشوار گزار راستوں سے گزرنا پڑتا ہے ، جبکہ معذور افراد کے لیے اس راستے سے گزرنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔شہزاد علی راؤ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موقع پر موجود ریلوے عملہ انٹری گیٹ کھولنے کی درخواست پر مختلف بہانے بنا کر اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کرتا ہے جو کھلی غفلت اور عوامی خدمت سے لاپرواہی کے مترادف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ کی اس روش کے باعث شہریوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور انہیں غیر ضروری ذہنی اذیت برداشت کرنا پڑتی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین پاکستان ریلوے اس عوامی مسئلے پر فوری اور مؤثر اقدام کریں گے ۔