خریدوفروخت کی آڑ میں فراڈ،لاکھوں کی رقم،سامان ہڑپ
مکان فروخت کے نام پر وکیل سے پچیس لاکھ روپے نقدی وسامان ہتھیا لیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)خریدوفروخت کی آڑ میں فراڈ،وکیل سے مکان فروخت کے نام پر رقم اورقیمتی سامان جبکہ خاتون کی گاڑی ہڑپ کرلی گئی۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تھانہ سٹی کی حدود میں وکیل محمد رفیق بھٹی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق محمد اویس، محمد وقاص اور محمد سلیم نے مکان فروخت کرنے کے نام پر وکیل سے بطور امانت رقوم اور قیمتی سامان حاصل کیا، بیعانہ اور مزید رقم مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے جبکہ قیمتی سامان میں گھڑی اور سونے کی انگوٹھی بھی شامل تھی۔ ملزموں نے معاہدہ بیع اور رجسٹری کا جھانسہ دے کر مکان فروخت کرنے سے انکار کردیا اور امانت واپس نہ کی۔ ملتان کی رہائشی رخسانہ پروین نے تھانہ چوک سرور شہید کے رہائشی شکیل احمد سے ایڈوانس رقم دے کر گاڑی خریدی تھی، رقم مکمل ادا ہونے کے بعد جب رخسانہ کا خاوند اور بیٹا گاڑی کے کاغذات لینے گئے تو شکیل احمد اور اس کا ساتھی محمد مشتاق انہیں ایک ہوٹل میں کھانے کے بہانے بٹھا کر گاڑی لے کر فرار ہو گئے ۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فراڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب ہو۔