وہاڑی :غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو مشکلات
بجلی کی طویل بندش سے کاروبار، گھریلو اور زرعی سرگرمیاں شدید متاثر
وہاڑی (خبرنگار) ضلع وہاڑی میں شہری اور دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ طویل اور غیر متوقع بجلی کی بندش سے کاروباری، گھریلو اور زرعی سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ بغیر پیشگی اطلاع کے بار بار بجلی بند ہونا ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے ، خاص طور پر سردی کے موسم میں بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ شہری علاقوں کے مقابلے میں زیادہ ہونے پر عوام نے تشویش ظاہر کی۔اس حوالے سے ایکسین واپڈا وہاڑی عمار علی رضا صدیقی نے کہا کہ مقامی سطح پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا رہا اور یہ تکنیکی خرابی کا نتیجہ بھی نہیں۔ ڈیموں میں پانی کی کمی کے باعث قومی سطح پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔