خان گڑھ میں آٹا مہنگا، سرکاری نرخوں پر عمل نہ ہوسکا
آٹا 120روپے کلو بکنے لگا،ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ
خان گڑھ (نامہ نگار ) خان گڑھ سمیت مظفر گڑھ ضلع بھر میں آٹے کی قیمتیں سرکاری نرخنامے کو روندتے ہوئے آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اسرار احمد خان مگسی کے دعوے کے مطابق آٹا سرکاری نرخوں پر دستیاب ہے ، مگر خان گڑھ کے بازار یہ دعویٰ روز جھٹلا رہے ہیں۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق 20کلو آٹے کا ریٹ 1810روپے اور 10کلو کا 905روپے ہے ، مگر حقیقت میں یہی آٹا 120روپے فی کلو اور 4800 روپے فی من فروخت ہو رہا ہے ۔دہاڑی دار مزدور سب سے زیادہ متاثر ہیں، چند ماہ قبل 70روپے فی کلو ملنے والا آٹا اب ان کی پہنچ سے باہر ہے ۔ چکی مالکان گندم مہنگی ہونے کا جواز دیتے ہیں ضلعی انتظامیہ کو فوری اقدامات کرتے ہوئے سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانی ہوگی، ورنہ عوام پر مہنگائی اور انتظامی ناکامی کے اثرات بڑھتے رہیں گے ، اور تاریخ ریکارڈ کرے گی کہ اختیارات موجود ہونے کے باوجود شہری تنہا چھوڑ دیئے گئے ۔