تعلیمی معیار بہتر، داخلہ پالیسی پر سختی سے عملدرآمدکاحکم
ڈی سی کا گرلز ماڈل ہائی سکول کادورہ،کلاس رومز، لیبارٹریز ودیگر سہولتوں کا جائزہ
ملتان(خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے گورنمنٹ گرلز لیبارٹری ماڈل ہائی سکول کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ نے ادارے کی کارکردگی، دستیاب سہولیات اور جاری داخلہ مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز، سائنس لیبارٹریز اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے سکول میں قائم ایڈمیشن ڈیسک کا بھی دورہ کیا اور داخلہ عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر داخلہ کے طریقہ کار، ریکارڈ کی درستگی اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ داخلہ پالیسی پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے انہیں نجی اداروں کے مساوی بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔