ملتان ایونیو پر تجاوزات کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
کوئی قانون سے بالا تر نہیں،غیر قانونی عمارتوں کا مکمل ریکارڈ مرتب ، نقشہ منظوری
ملتان(وقائع نگار خصوصی )ملتان ایونیو پر غیر قانونی تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ملتان ایونیو پر غیر قانونی و بغیر منظور شدہ عمارتوں اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ایونیو منصوبہ حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی لاگت سے زیر تکمیل ایک سٹیٹ آف دی آرٹ روڈ ہے جسے جدید کارپٹڈ روڈ، گرین بیلٹس، پارکنگ بیز اور سروس روڈز کے ساتھ ڈویلپ کیا جا رہا ہے ، نقشہ منظوری، سیٹ بیک اور کمرشلائزیشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ، کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا، سروس روڈز پر قائم غیر قانونی ریمپ، داخلی راستے اور تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے اور سرکاری منصوبے پر اربوں روپے خرچ ہونے کے بعد کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ایم ڈی اے اور ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ ملتان ایونیو پر قائم تمام غیر قانونی عمارتوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔