حضوری باغ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیوریج نظام تباہ
انجمن تاجران کے وفد کی متعلقہ افسروں سے ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا منصوبہ جون میں شروع کرنے کا عندیہ اورمسائل کے حل کی یقین دہانی
ملتان(لیڈی رپورٹر) انجمن تاجران حضوری باغ روڈ کے وفد نے چیئرمین شیخ منور قریشی، صدر غلام زکریا قریشی، جنرل سیکرٹری چودھری سلیم، سینئر نائب صدر آصف بلوچ اور سابق ایم این اے شیخ طارق رشید کے ہمراہ کمشنر ملتان عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق اور واسا حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حضوری باغ روڈ کی خستہ حالی، سیوریج مسائل اور ٹریفک کے بڑھتے دباؤ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد نے آگاہ کیا کہ حضوری باغ روڈ شہر کی قدیم اور مصروف ترین شاہراہوں میں شامل ہے جو اس وقت شدید ٹوٹ پھوٹ اور بدحالی کا شکار ہے ۔ سیوریج لائن تقریباً 45 سال پرانی ہونے کے باعث اپنی مدت پوری کر چکی ہے جس سے آئے روز سیوریج کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔تاجران رہنماؤں نے بتایا کہ سابق کمشنر کے دور میں فضل سنٹر سے مسجد ختم نبوت تک نئی 1250 فٹ سیوریج لائن اور روڈ کارپٹنگ کا کام مکمل کیا جا چکا ہے تاہم مسجد ختم نبوت سے القریش ہوٹل گھنٹہ چوک تک باقی ماندہ حصہ فوری مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس روڈ پر ٹریفک کا دباؤ انتہائی زیادہ ہے اور روزانہ حادثات و ٹریفک جام معمول بن چکے ہیں۔اس موقع پر کمشنر ملتان اور دیگر حکام نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حضوری باغ روڈ کے سیوریج مسائل جلد حل کیے جائیں گے ۔ واسا حکام کے مطابق منصوبہ جون 2026ء میں باقاعدہ شروع کیا جائے گا اور مرحلہ وار تعمیر و مرمت مکمل کی جائے گی۔