تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز کریں، نعمان صدیقی
واسا سکیموں پر کام کی رفتار بڑھانے، صفائی آپریشن کو مزید مؤثربنانے کی ہدایت
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور افسران نے اپنی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے تمام ادارے مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے واسا کی جاری سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت تحصیل صدر میں جاری میگا صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی حکم دیا گیا جبکہ نعمان صدیق نے ناقص کارکردگی پر افسران کو ضلع بدر کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے اس حوالے سے متحرک رہیں۔