تعلیمی بورڈ ملتان:پریکٹیکل امتحانات میں شفافیت کیلئے نئے ضابطہ کار نافذ کرنیکا اعلان

تعلیمی بورڈ ملتان:پریکٹیکل امتحانات میں شفافیت کیلئے نئے ضابطہ کار نافذ کرنیکا اعلان

تمام بورڈز نئے نظام پر مکمل عملدرآمد کے پابند ،مقصد نمبروں کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانا، طلبہ کی کارکردگی کو جانچا جائے گا،حکام

ملتان (خصوصی رپورٹر)ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان نے پریکٹیکل امتحانات کے طریقہ کار میں شفافیت اور یکسانیت لانے کے لیے نئے ضابطہ کار نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔بتایا گیاہے کہ سال 2026 کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ پریکٹیکل امتحانات کے دوران طلبہ کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے باقاعدہ معیاری طریقہ کار اپنایا جائے گا۔بورڈ حکام کے مطابق یہ اقدام پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کی پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے ، جس کا مقصد عملی امتحانات میں نمبروں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے ۔ نئے نظام کے تحت ہر پریکٹیکل کے لیے سوالات، تجربات اور طلبہ کی کارکردگی کو واضح پیمانوں کے مطابق جانچا جائے گا۔

، جس سے جانبداری اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ،امیدواروں سے صرف تجربات ہی نہیں بلکہ متعلقہ سوالات بھی پوچھے جائیں گے جبکہ جوابات کی جانچ بھی باقاعدہ طے شدہ معیار کے مطابق کی جائے گی۔ اس نظام کے تحت ہر طالب علم کی کارکردگی کو مرحلہ وار نمبر دئیے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی زیادتی یا کمی کا احتمال کم سے کم ہو۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر امتحانی نظام میں بہتری کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تمام بورڈز کو اس نئے نظام پر مکمل عملدرآمد کا پابند بنایا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں اساتذہ، امتحانی عملے اور طلبہ کو بھی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ نئے طریقہ کار سے مکمل طور پر واقف ہو سکیں۔ کنٹرولر امتحانات محمد حامد سعید بٹ نے اپنے دستخطوں کے ساتھ جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف امتحانی نظام میں شفافیت بڑھے گی بلکہ طلبہ کی حقیقی صلاحیتوں کا درست انداز میں جائزہ بھی لیا جا سکے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں