ماہڑہ گرڈ اپ گریڈ، ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ
مونڈکا (نامہ نگار) ماہڑہ گرڈ اسٹیشن کے زیر انتظام میپکو سب ڈویژن شاہجمال اور روہیلانوالی میں ایک ارب روپے کی لاگت سے بوسیدہ واپڈا تنصیبات اپ گریڈ کر دی گئی ہیں جس سے وولٹیج کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوابزادہ افتخار احمد خان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کئی کلومیٹر پر محیط ماہڑہ گرڈ پر بڑھتے ہوئے لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا گرڈ اسٹیشن بھی زیر تعمیر ہے ۔جو ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا، جس کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ تا خانگڑھ 110 فٹ چوڑا کارپٹ روڈ منصوبہ ٹینڈر کے مرحلے میں ہے جبکہ ٹھٹھہ قریشی تا شہر سلطان دریائے چناب کے سپر بندوں کی مضبوطی و مرمت کے لیے بھی کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔مزید کہا گیا کہ وسندیوالی میں ریسکیو 1122 کا مرکز قائم کیا جا رہا ہے جبکہ موضع رقبہ سرکار اور موضع مونڈ کو مثالی گاؤں پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے ۔نوابزادہ افتخار احمد خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح کے لیے ہیں اور ان کی تکمیل سے علاقے میں بنیادی سہولیات مزید بہتر ہوں گی۔