میٹر ریڈنگ میں شفافیت برقرار رکھی جائے ،ملک یوسف
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل چیف انجینئر ایم اینڈ ٹی سیکنڈ میپکو ملتان ملک محمد یوسف نے صنعتی صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کی مانیٹرنگ اور میٹرنگ سسٹم کی بہتری کے سلسلے میں شوگر اور ٹیکسٹائل ملز کی تنصیبات کا دورہ کیا۔
انہوں نے میسرز رحیم یار خان شوگر ملز خانبیلہ میں ایم ایس پی/این جی ایس نمائندگان کے ہمراہ انرجی میٹرز کی مشترکہ ٹیسٹنگ کی۔ اس دوران بیک اپ میٹر میں کمیونیکیشن مسئلے کا جائزہ لیا گیا اور موقع پر ہی اس کے حل کے لئے اقدامات کئے گئے ۔ایڈیشنل چیف انجینئر نے ہدایت کی کہ بلنگ اور بیک اپ میٹرز کا لوڈ پروفائل ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ریڈنگ کمیٹی کے ذریعے باقاعدگی سے ڈاؤن لوڈ کیا جائے تاکہ ریڈنگز میں شفافیت اور درستگی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں انہوں نے میسرز حسنین ٹیکسٹائل ملز یونٹ نمبر 3 مظفرگڑھ کا دورہ کیا جہاں 11 کے وی پینل کا معائنہ کیا گیا۔ انرجی میٹرز کی کارکردگی اور کیلیبریشن چیک کی گئی اور عملے کو مینٹی نینس مقررہ معیار کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔اس موقع پر مل کے لوڈ کو 3500 کلوواٹ سے بڑھا کر 4500 کلوواٹ کرنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ تمام تکنیکی و انتظامی تقاضے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ صنعتی صارف کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا سکے ۔