مسیحی گاؤں کی واٹر سپلائی بند،معاملہ اسمبلی میں پہنچ گیا
سات ماہ سے بجلی کنکشن منقطع، انسان و جانور ایک ہی جوہڑ سے پانی پینے پر مجبورفنڈز کی قسط جاری ہو چکی ،ادارہ جاتی مسائل سے تاخیر ہو رہی ،یوسف کسیلیہ
گگو منڈی (نامہ نگار) پی پی 129 کے گاؤں 377 ای بی، جو مسیحی آبادی پر مشتمل ہے ، کی واٹر سپلائی سکیم کا بجلی کنکشن گزشتہ سات ماہ سے منقطع ہے جس کے باعث علاقے کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق پانی کی عدم فراہمی کے باعث انسان اور جانور ایک ہی جوہڑ سے پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔یہ معاملہ پنجاب اسمبلی کے فلور پر بھی زیر بحث آیا جہاں پی ٹی آئی کے رکن خالد نثار ڈوگر نے اس مسئلے کی نشاندہی کی۔ اس پر رکن اسمبلی چودھری محمد یوسف کسیلیہ نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم ان کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے اور فنڈز کی ایک قسط جاری ہو چکی ہے۔
تاہم ادارہ جاتی مسائل کے باعث تاخیر ہو رہی ہے ۔ادھر میپکو بورے والا کے لائن سپرنٹنڈنٹ قیصر حیات بھٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ گاؤں کی واٹر سپلائی پر تقریباً تین لاکھ روپے کا بجلی بل واجب الادا ہے جس کی ادائیگی کے بعد کنکشن بحال کر دیا جائے گا۔رکن اسمبلی چودھری محمد یوسف کسیلیہ نے کہا کہ یوزر کمیٹی کی جانب سے بل جمع نہ کرانے کے باعث کنکشن منقطع ہوا ہے اور جیسے ہی واجبات ادا کیے جائیں گے واٹر سپلائی بحال کر دی جائے گی۔