غیر منصفانہ ٹیکس نظام کاروبار دشمن ،میاں راشد اقبال

غیر منصفانہ ٹیکس نظام کاروبار  دشمن ،میاں راشد اقبال

ملتان (لیڈی رپورٹر)سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں راشد اقبال نے کہا ہے کہ ایڈہاک ازم اور روایتی فیصلہ سازی کے باعث کاروباری شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے۔

 غیر منصفانہ ٹیکس نظام سے دستاویزی معیشت پر 55 سے 60 فیصد تک بوجھ پڑ رہا ہے ، جس کے سنگین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلند شرح ٹیکس اور پیچیدہ نظام ٹیکس چوری اور غیر رسمی معیشت کو فروغ دے رہے ہیں۔ٹرن اوور ٹیکس کاروبار دشمن ہے کیونکہ یہ خسارے میں چلنے والی کمپنیوں پر بھی بوجھ ڈالتا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپر ٹیکس ختم، کارپوریٹ ٹیکس میں کمی اور ٹیکس ریفنڈ نظام کو آسان بنایا جائے ۔ مہنگی توانائی، خام مال کی بلند قیمتیں اور قرض تک محدود رسائی برآمدی شعبے کی کارکردگی متاثر کر رہی ہے ۔میاں راشد اقبال نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو پالیسی ریٹ میں اضافے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ اس فیصلے کے معیشت میں حصہ ڈالنے والے شعبوں پر منفی اثرات ہوں گے ۔ مارکیٹ میں سرمائے کی شدید قلت ہے ، مگر اس کے حل کے لئے واضح پالیسی سامنے نہیں آ رہی۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے ۔ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں