وہاڑی:کلب روڈٹف ٹائل منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری پریشان

وہاڑی:کلب روڈٹف ٹائل منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری پریشان

منصوبہ چار ماہ سے بند، کاروبار متاثر، سیوریج نظام درہم برہم، وبائی امراض کا خدشہ

وہاڑی (خبرنگار)ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری کلب روڈ کے اطراف ٹف ٹائلز بچھانے کا ترقیاتی منصوبہ گزشتہ چار ماہ سے التوا کا شکار ہے جس کی وجہ مبینہ طور پر ٹھیکیدار کی غفلت اور ناقص حکمت عملی بتائی جا رہی ہے ۔ اس صورتحال نے شہری زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے ۔کلب روڈ شہر کی اہم تجارتی شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں جاری نامکمل تعمیراتی کام کے باعث سڑک کے اطراف کھدائی، مٹی کے ڈھیر اور ٹوٹ پھوٹ نے آمدورفت کو مشکل بنا دیا ہے ۔علاقہ مکینوں اور تاجروں کے مطابق نجی بینکس، ہسپتالوں، بیکریوں، کریانہ سٹورز اور دیگر کاروباری مراکز کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

جبکہ سیوریج نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے ۔گندا پانی جگہ جگہ کھڑا ہونے سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹھیکیدار کی عدم دلچسپی اور متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہے جبکہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔متاثرہ شہریوں اور تاجر برادری نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے ، منصوبے کی بروقت تکمیل، نکاسی آب کے اقدامات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں