پٹرولیم لیوی حکمرانوں کی عیاشی کا ذریعہ،رضوان عالم
تیل کی قیمتوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈالنا ظلم ، عبدالقادر شاہین،نسیم لابر
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو غریب عوام پر مہنگائی کا خودکش حملہ قرار دیتے ہوئے فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاہین، ملک نسیم لابر، راؤ ساجد علی، اے ڈی خان بلوچ اور خواجہ عمران نے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکمران عوام کے حقوق پر ڈاکے مارنا بند کریں، اگر ریلیف نہیں دے سکتے تو گھر جائیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی بڑھا کر حکمران اپنی عیاشیوں کا سامان پیدا کر رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا بوجھ غریب عوام پر ڈالنا ظلم ہے ۔ حکمرانوں کا پروٹوکول، مفت بجلی اور مفت پٹرول کب ختم ہوگا۔
رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کو گندم کی سرکاری قیمت نہیں مل رہی، جبکہ مافیا کم نرخ پر خرید کر مہنگے داموں فروخت کر رہا ہے ۔ یہ پالیسی زراعت کی تباہی کے مترادف ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں، مگر حکومت تعلیمی ادارے فروخت کرنے اور اشتہارات پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے ۔ بنیادی صحت مراکز بھی نظر انداز کئے جا رہے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی، کسانوں سے سرکاری نرخ پر گندم خریدی جائے اور عوام کو فوری ریلیف دیا جائے ۔