فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،ناقص ،مضرصحت قلفیاں، کھویا تلف
20کلو مصنوعی اجزاء ضبط، مالک کو 40ہزار روپے جرمانہ کیا گیا
ملتان،خانیوال (لیڈی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے خانیوال میں معروف قلفی یونٹ پر چھاپہ مار کر 280 کلو ناقص قلفیاں، 28 کلو فنگس زدہ کھویا اور 20 کلو مصنوعی اجزاء تلف کر دیئے ، جبکہ غیر معیاری اشیا استعمال کرنے پر مالک کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر بچوں کی پسندیدہ خوراک میں ملاوٹ اور جعل سازی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ٹیم نے اڈہ حسینی چوک کچا کھوہ میں معروف قلفی یونٹ پر کارروائی کی۔
دوران معائنہ قلفیوں کی تیاری میں مصنوعی رنگ اور مٹھاس کی ملاوٹ پائی گئی، جبکہ فنگس زدہ کھویا بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ بچوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ صحت دشمن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔