جدید ٹیکنالوجی سے جرائم کیخلاف کارروائیاں تیز،اظہر اکرم
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ریجنل پولیس آفیسر محمد اظہر اکرم نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں پولیس جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔
انہوں نے ڈی پی او آفس کوٹ ادو میں انجمن تاجران، بار ایسوسی ایشن، امن کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔آر پی او نے کہا کہ پولیس اور عوام کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور پائیدار امن کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر باشعور شہری جرائم کے خلاف خاموش رہیں گے تو جرائم میں اضافہ ہوگا، اس لیے ہر فرد کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی نظام، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور جدید تفتیشی طریقہ کار کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ تھانہ کلچر میں بہتری اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔انہوں نے تاجران اور وکلاء پر زور دیا کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے ۔اجلاس میں سابق ایم پی اے ملک غلام قاسم ہنجرا، انجمن تاجران، بار ایسوسی ایشن اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ شرکاء نے امن و امان، سکیورٹی اور باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔