وہاڑی:چار کروڑ روپے کے نان ٹیکس پیڈ سگریٹس ضبط

وہاڑی:چار کروڑ روپے کے نان ٹیکس پیڈ سگریٹس ضبط

ڈی سی کا اجلاس، اپنا کھیت اپنا روزگار منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنیکی بھی ہدایت

وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت اجلاس میں نان ٹیکس پیڈ سگریٹس کے خلاف کارروائیوں اور ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ منصوبے پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 4 کروڑ 63 لاکھ 18 ہزار روپے مالیت کے 2 لاکھ 10 ہزار 537 غیر قانونی سگریٹس پیکٹس ضبط کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نان ٹیکس پیڈ سگریٹس کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی جبکہ دکاندار صرف ٹیکس پیڈ سگریٹس کی فروخت یقینی بنائیں۔اجلاس میں ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت دیہی بے زمین افراد کو 5 ایکڑ تک زمین 10 سالہ لیز پر دی جائے گی جبکہ سالانہ کرایہ 100 روپے فی ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ درخواستیں آن لائن پورٹل اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر دفاتر میں جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ سہولت ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ کامیاب امیدواروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ لیز دار کی کارکردگی ہر چھ ماہ بعد چیک کی جائے گی اور شرائط کی خلاف ورزی پر لیز منسوخ کی جا سکتی ہے ۔ اجلاس میں مختلف افسران نے شرکت کی اور منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں