کمشنر ڈیرہ غازی خان کا مظفرگڑھ کا دورہ، صفائی آپریشن کا جائزہ
ستھرا پنجاب ورکرز کی کارکردگی کوسراہا ،کیش انعامات اور کھانا تقسیم
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز ضلع مظفرگڑھ کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشن اور آلائشوں کی بروقت تلفی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظفرگڑھ عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی مظفرگڑھ محمد یوسف چھینہ و دیگر افسران موجود تھے ۔ کمشنر نے مختلف علاقوں، کلیکشن پوائنٹس اور ویسٹ ڈسپوزل سائٹس کا معائنہ کیا اور شدید گرمی کے باوجود متحرک صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق صفائی اور آلائشوں کی بروقت تلفی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بعدازاں کمشنر نے صفائی ورکرز میں کیش انعامات اور کھانا تقسیم کیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔