اسلحہ برآمدگی، واردات کی نیت سے گھومنے والے گرفتار
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ضلع کوٹ ادو میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اسلحہ سمیت مشکوک افراد اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔
تفصیل کے مطابق تھانہ دائرہ دین پناہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پہاڑ پور کے رہائشی سجاد حسین ڈھڈی، سیف اللہ کالرو اور عبدالاول کالرو کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3پسٹل 30بور اور متعدد گولیاں برآمد کر لیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر واردات کی نیت سے علاقے میں گھوم رہے تھے ۔ اسی طرح تھانہ قصبہ گجرات پولیس نے لڑائی جھگڑے کے مقدمہ میں گرفتار اشتہاری ملزمان فرخان سہرانی اور محمد سکندر سے دوران تفتیش واردات میں استعمال ہونے والا پسٹل برآمد کیا۔ جبکہ تھانہ صدر چوک سرور شہید پولیس نے جھوک وینس ملتان کے رہائشی شوکت وینس کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30 بور پسٹل اور گولیاں برآمد کر لیں۔ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے سمیت دیگر دفعات کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔