ادویات کی مصنوعی قلت سے مسائل پیدا ہورہے ،اختر بٹ
ڈسٹری بیوٹرز کی ملی بھگت سے جان بچانے والی ادویات بلیک میں فروخت کی جاری ہیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ساؤتھ پنجاب کے صدر محمد اختر بٹ نے کہا ہے کہ چند ڈسٹری بیوٹرز اور فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے بعض نمائندوں کی مبینہ ملی بھگت سے جان بچانے والی ادویات کی مصنوعی قلت اور بلیک مارکیٹنگ جیسے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، جس سے مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اپنے تحریری بیان میں انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ذاتی مفادات اور سیلز ٹارگٹس کے حصول کیلئے ادویات کا بڑا حصہ مخصوص افراد کو فراہم کر دیتے ہیں، جبکہ بعض اوقات انوائسز ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کے نام پر جاری کی جاتی ہیں، جس سے مارکیٹ میں ادویات کی دستیابی متاثر ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ قواعد و ضوابط کے بھی خلاف ہے۔ ، جس سے چھوٹے میڈیکل سٹور مالکان کی حق تلفی اور بلیک مارکیٹنگ کو فروغ مل رہا ہے ۔محمد اختر بٹ نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ڈسٹری بیوٹرز اور کمپنی نمائندے ایسی سرگرمیوں سے باز آئیں۔ انہوں نے محکمہ صحت سے اپیل کی کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ ادویات کی مصنوعی قلت ختم ہو اور مریضوں کو ضروری ادویات بروقت مناسب قیمت پر دستیاب ہو سکیں۔