پکٹا امتحانات، معاوضوں کی عدم ادائیگی پر اساتذہ میں بے چینی
وزیر تعلیم نے بھاری معاوضہ کا اعلان دیا ، ٹریننگ سیشن کے 3400روپے دیئے
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے زیر اہتمام امتحانات میں نگران عملے کے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر اساتذہ میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق امتحانات کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے سپرنٹنڈنٹس اور نگران عملے کیلئے صوبائی وزیر تعلیم نے بھاری معاوضے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں احتجاج کے بعد نگران عملے کو 3400 روپے جاری کیے گئے ، تاہم واضح کیا گیا کہ یہ رقم صرف ٹریننگ سیشن کا معاوضہ ہے جبکہ اصل اعزازیہ بعد میں ادا کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر سپرنٹنڈنٹس کیلئے 7000 اور نگران عملے کیلئے 4000 روپے اعزازیہ مقرر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم بعد میں پیکٹا حکام نے وضاحت کی کہ یہ پورے امتحانی عمل کا مجموعی معاوضہ تھا، جسے غلط سمجھا گیا۔اساتذہ تنظیموں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر یہی پالیسی تھی تو پہلے دن واضح کیا جانا چاہیے تھا۔ نگران عملے کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، اضافی ڈیوٹی اور سفری مشکلات کے باوجود فرائض انجام دیے گئے ، اس لیے مناسب معاوضہ ان کا حق ہے ۔تعلیمی حلقوں نے حکومت سے فوری نوٹس اور شفاف پالیسی جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔