ڈی سی مظفر گڑھ کا فوری تبادلہ کیا جائے ، سمال ٹریڈرز
عثمانہ جپہ کے ایما پر پیرا فورس نے متعدد دکانیں بلاجواز سیل کیں، موقف
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز جنوبی پنجاب کے عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کا فوری تبادلہ کیا جائے ۔تاجر رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر پیرا فورس نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے متعدد تاجروں کی دکانیں بلاجواز سیل کیں جبکہ احتجاج کرنے والے دو دکانداروں کو گرفتار بھی کر لیا گیا، جس پر جنوبی پنجاب کی تاجر برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔چیمبر کے صدر چودھری طارق کریم، شیخ عامر سلیم اور دیگر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک، بلاجواز کارروائیاں اور گرفتاریاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انتظامیہ کا کام کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور مسائل حل کرنا ہے ، نہ کہ تاجروں کو ہراساں کرنا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیل کی گئی دکانیں فوری کھولی جائیں، گرفتار دکانداروں کو رہا کیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج اور شٹر ڈاؤن کا دائرہ پورے جنوبی پنجاب تک پھیل سکتا ہے ۔