محنت کش کے گھر سے لاکھوں کی چوری
سکندرآباد (نامہ نگار) تھانہ صدر کے علاقے بستی راتا موضع پنجانی میں نامعلوم چور محنت کش نذیر احمد کے گھر کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے اڑے ۔مدعی نذیر احمد مغل نے پولیس کو دی گئی ۔۔۔۔
درخواست میں بتایا کہ وہ رات اپنے اہلخانہ کے ہمراہ صحن میں سویا ہوا تھا جبکہ کمروں کو تالے لگے ہوئے تھے ۔ صبح اٹھنے پر معلوم ہوا کہ چوروں نے کمرے کا تالا توڑ کر الماریوں اور صندوقوں سے 4 لاکھ روپے نقدی، 1900 درہم، 2 تولہ سونا، 10 تولہ چاندی، قیمتی گھریلو سامان، 2 بیٹریاں اور 3 گھڑیاں چوری کر لی ہیں۔شور و غل پر اہل علاقہ بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ گھر کے پچھلے حصے سے چار نامعلوم افراد کے پاؤں کے نشانات بھی ملنے کی اطلاع ہے ۔ پولیس تھانہ صدر نے مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن اسٹاف کے حوالے کر دی ہے ۔چوری کی اس واردات کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، جبکہ اہل علاقہ نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے ۔