ہیٹ ویو سے بچاؤ، خانیوال میں ’’سبیلِ قاسم‘‘قائم
شہریوں کو ٹھنڈا پانی، او آر ایس اور شربت کی سہولت فراہم کی جائے گی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ خانیوال نے شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کے خطرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر نگرانی میونسپل کمیٹی نے سہولت بازار چوک کے قریب سبیلِ قاسم قائم کر دی ہے جہاں شہریوں، مسافروں اور محنت کش افراد کے لیے ٹھنڈے پانی، او آر ایس (ORS) اور شربت کی فراہمی کا مؤثر انتظام کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت شہریوں کی سہولت اور صحت کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ہیٹ ویو کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فیلڈ ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں۔