مثالی گائوں فلیگ شپ منصوبہ پر کام تیز کرنے کا حکم
62دیہات میں پینے کا صاف پانی، سیوریج وڈرینج نظام، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، گلیوں کی تعمیر ، سڑکوں کی بحالی ،سٹریٹ لائٹس ،بچوں کے پارکس ، شجرکاری کی جائے گی منصوبہ پر 7ارب 87کروڑ روپے لاگت آئے گی ، کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، منصوبہ پر کام کا جائزہ، وہاڑی روڈ پر شجرکاری، بیوٹی فکیشن پلان پر اجلاس میں بھی شرکت
ملتان( وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام مثالی گاؤں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں کو بتایا گیا کہ منصوبہ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے جس کے تحت ملتان ڈویژن کے 62 دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج و ڈرینج نظام، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، گلیوں کی تعمیر، سڑکوں کی بحالی، سٹریٹ لائٹس، بچوں کے پارکس اور شجرکاری سمیت بنیادی شہری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی کل لاگت 7.87 ارب روپے ہے ۔
اجلاس میں ضلع ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں جاری تمام کنٹریکٹ پیکجز پر الگ الگ پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں کو مختلف دیہات میں پانی کی فراہمی، سیوریج، ڈرینج، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، سٹریٹ پیومنٹس، سٹریٹ لائٹس، پارکس اور دیگر ترقیاتی کاموں کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان وہاڑی روڈ پر جاری شجرکاری اور بیوٹیفکیشن پلان کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسر، پی ایچ اے ، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ملتان،وہاڑی روڈ پر شجرکاری، گرین بیلٹس، لینڈ اسکیپنگ اور بیوٹیفکیشن کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ملتان۔وہاڑی روڈ کو ماحولیاتی حسن، جدید لینڈ اسکیپنگ اور معیاری شجرکاری کے حوالے سے ایک مثالی شاہراہ بنایا جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ شجرکاری باقاعدہ پلان اور تکنیکی بنیادوں پر کی جائے تاکہ سڑک کے دونوں اطراف یکساں اور خوبصورت منظر پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اقسام کے پودوں کی شجرکاری مرحلہ وار اور ایک منظم پیٹرن کے تحت کی جائے ، جبکہ ایک ہی نوع کے درخت مخصوص حصوں میں لگائے جائیں تاکہ روڈ کا حسن مزید نمایاں ہو۔انہوں نے املتاس، پلکن، ٹرمنیریا اور دیگر مقامی و موزوں اقسام کے درخت متوازن انداز میں لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ درختوں کی اقسام اور ان کے مقامات کا انتخاب علاقے کے موسمی حالات، ماحول اور فنی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے ۔