جماعت اسلامی وہاڑی کا بھی تیل ،بجلی مہنگی کرنے پر احتجاج
ریلی نکالی گئی، عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، مقررین کا خطاب
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر جماعت اسلامی وہاڑی کے زیر اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے ، سولر پالیسی اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔تفصیلات کے مطابق ریلی میونسپل کمیٹی وہاڑی سے شروع ہو کر ہمدرد چوک پر دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی وہاڑی چوہدری طارق محمود نے کی۔ریلی میں جماعت اسلامی کے عہدیداران سید جاوید حسین شاہ، انجینئر علی احمد صابر، راؤ عمر نفیس، راؤ خلیل احمد، راؤ فرمان، رضا قادری، چوہدری طارق رفیق، میاں خالد محمود، ملک مقصود اطہر اعوان، انجینئر اویس سمیت کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔مقررین نے کہا کہ پٹرولیم بجلی اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے جبکہ سولر پالیسی بھی عوامی مفادات کے منافی ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے ، بجلی کے بلوں میں اضافی بوجھ ختم کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔