شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب
حضرت امام حسینؓ اور ساتھیوں کی استقامت حق پرست کیلئے مشعلِ راہ ،شاکر مزاری
مظفرگڑھ (نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظمِ اعلیٰ سردار شاکر خان مزاری کی زیر صدارت شیخ حبیب الرحمن ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مقررین نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں، عدل اور حق کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔سردار شاکر خان مزاری، شیخ حبیب الرحمن ایڈووکیٹ اور حاجی محمد افضل انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی استقامت قیامت تک ہر مظلوم اور حق پرست کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔ امام عالی مقامؓ کا فلسفۂ حیات ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر قربانی دینے کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ حق و باطل کے درمیان دائمی جدوجہد کی علامت ہے ۔مقررین نے کہا کہ موجودہ دور کے بحرانی حالات میں امت مسلمہ کو فکرِ حسینؓ اور کردارِ حسینی اپنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدائے کربلا کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے حق کا پرچم بلند رکھا جائے گا اور ہر دور میں باطل کے سامنے کلمۂ حق کہا جاتا رہے گا۔شیخ حبیب الرحمن ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ پوری امت مسلمہ کے لیے اتحاد اور وحدت کی علامت ہیں۔ ان کی سیرت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ظلم، ناانصافی اور جبر کے خلاف آواز بلند کرنا ہر باشعور انسان کی ذمہ داری ہے ۔