موٹروے پر جامع چیکنگ مہم کا آغاز
ایم فائیو سیکٹر ون میں پبلک سروس وہیکلز ، ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز میں آتشزدگی کے دوران حفاظتی اقدامات، حادثات میں رد عمل کے حوالے سے جامع بریفنگ پٹرولنگ افسر، اہلکار فیلڈ میں سرگرم، پی ایس او ، ایچ ٹی وی ڈرائیورز کو گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی کی ہدایت، جانوں کا تحفظ ترجیح،سلطان احمد
ملتان (کرائم رپورٹر )ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چودھری کی خصوصی ہدایات اور زونل کمانڈر ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون ڈار علی خٹک کے احکامات کی روشنی میں، ایم فائیو سیکٹر ون میں پبلک سروس وہیکلز اور ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز میں آتشزدگی کے حادثات کی روک تھام کے لئے ایک جامع بریفنگ اور چیکنگ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز احمد کی زیر نگرانی موٹروے پولیس کے پٹرولنگ افسر فیلڈ میں متحرک ہیں اور تمام پی ایس وی اور ایچ ٹی وی ڈرائیورز کو گاڑیوں میں فائر ایکسسٹنگوشر آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی اور ان کے ہنگامی استعمال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دے رہے ہیں۔ ڈرائیورز کو موقع پر سلنڈر چلانے کا طریقہ کار سکھایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قیمتی جانوں اور مال کو محفوظ رکھا جا سکے اس موقع پر سیکٹر کمانڈر نے سخت پیغام جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسافروں اور روڈ یوزرز کا تحفظ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ تمام پبلک ٹرانسپورٹ اور بھاری گاڑیوں میں ورکنگ کنڈیشن میں فائر ایکسسٹنگوشر کا ہونا قانوناً لازمی ہے ۔ آگ بجھانے والے آلات نہ ہونے یا ناکارہ ہونے کی صورت میں گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز بھاری چالان کئے جائیں گے اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ سفر کے آغاز سے قبل تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔