پیر جگی تا حافظ آباد روڈ خستہ، عوام مٹی ڈال کر راستہ بنانے پر مجبور
سڑک کی عدم تعمیر پر شہریوں کا احتجاج، پہلے سڑک بنائیں، پھر ووٹ مانگیں کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلع کوٹ ادو اور تحصیل چوک سرور شہید کے درمیان واقع پیر جگی تا حافظ آباد رابطہ سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار،اہل علاقہ شدید مشکلات سے دوچار ، اپنی مدد آپ کے تحت راستے پر مٹی ڈال کر آمدورفت بحال رکھنے پر مجبور ، پہلے سڑک بنائیں، پھر ووٹ مانگیں کا مطالبہ۔اہل علاقہ کے مطابق یہ سڑک ہزاروں شہریوں، طلبہ، مریضوں، کسانوں، تاجروں اور ملازمین کی آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے ، تاہم برسوں گزرنے کے باوجود اس کی پختہ تعمیر نہیں ہو سکی۔ اس موقع پر حاجی سلطان، حاجی نصیر، حافظ سرفراز، ڈاکٹر عبدالشکور، ڈاکٹر فیاض، وسیم خان، محبوب خان اور دیگر نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔حافظ سرفراز نے کہا کہ سڑک کی خراب حالت کے باعث مریضوں کو بروقت ہسپتال منتقل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔