قومی معیشت میں کاروباری برادری کا کردا راہم،رفیع اللہ
کرپشن سے پاک ماحول کے قیا م کے لئے قریبی تعاون کیا جائے گا، بختاور تنویر
ملتان (لیڈی رپورٹر)قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان اور ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی اور شفاف کاروباری ماحول کے فروغ کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر نیب ملتان رفیع اللہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر توصیف حنیف، صدر چیمبر بختاور تنویر شیخ، نائب صدر محمد اظہر بلوچ اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق نے شرکت کی۔ چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کاروباری برادری کے مسائل اور شکایات کو مؤثر انداز میں سنا اور حل کیا جائے گا، جبکہ شفاف، کاروبار دوست اور کرپشن سے پاک ماحول کے قیام کے لئے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ صدر چیمبر نے کاروباری طبقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے تجارت کے فروغ کے لئے سازگار ریگولیٹری ماحول کی ضرورت پر زور دیا اور کاروباری برادری سے رابطے کے حوالے سے نیب ملتان کی مثبت کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے تعاون کے مؤثر طریقہ کار پر اتفاق بھی کیا گیا۔ ڈائریکٹر نیب رفیع اللہ نے کہا کہ ملکی معیشت میں کاروباری برادری کا کردار انتہائی اہم ہے اور نیب ملتان شفاف، منصفانہ اور کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔