تحصیل کبیروالا تاحال جدید سرکاری بس سروس سے محروم
وزیر اعلیٰ اس تحصیل میں بھی بس سروس منصوبہ جلد شروع کرائیں، عوام کا مطالبہ
جودھ پور (نمائندہ دنیا)ضلع خانیوال کی سب سے بڑی تحصیل کبیروالا تاحال پنجاب حکومت کی جدید سرکاری بس سروس سے محروم ہے ، جس پر شہریوں، سماجی، کاروباری اور سیاسی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبہ بھر میں عوام کو سستی، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید بس سروس متعارف کرائی گئی ہے ۔ اس منصوبے سے ضلع خانیوال کی دیگر تحصیلوں کے شہری مستفید ہو رہے ہیں، جہاں خواتین، بزرگ، طلبہ، مزدور اور ملازمت پیشہ افراد کم کرائے پر سفری سہولت حاصل کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع کی سب سے بڑی اور گنجان آباد تحصیل کبیروالا کو اس منصوبے سے محروم رکھنا باعث تشویش ہے۔
روزانہ ہزاروں افراد تعلیم، ملازمت، علاج اور کاروباری مقاصد کے لیے مختلف شہروں کا سفر کرتے ہیں، مگر سرکاری ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث انہیں مہنگی نجی گاڑیوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے ، جس سے ان کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔عوامی، سماجی، سیاسی اور کاروباری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ کبیروالا کی آبادی، جغرافیائی اہمیت اور عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے بھی جدید بس سروس منصوبے میں شامل کیا جائے تاکہ لاکھوں شہری اس عوامی فلاحی منصوبے سے یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے سفری سہولتوں میں بہتری، ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور نجی ٹرانسپورٹ پر انحصار بھی کم ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments