تونسہ بیراج پر پانی کا بہاؤ معمول پر، آمد دو لاکھ 12 ہزار کیوسک
بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے پیش نظر دریاؤں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث دریاؤں اور بیراجوں پر پانی کی آمد میں معمولی اتار چڑھاؤ جاری ، تاہم دریائے سندھ پر واقع تونسہ بیراج کے مقام پر صورتحال معمول کے مطابق ہے ، بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے پیش نظر دریاؤں اور بیراجوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔محکمہ آبپاشی کے مطابق تونسہ بیراج پر اپ سٹریم پانی کی آمد 2 لاکھ 12 ہزار 701 کیوسک جبکہ ڈاؤن سٹریم اخراج 1 لاکھ 86 ہزار 151 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ تونسہ بیراج سے منسلک کینالوں میں بھی معمول کے مطابق پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تونسہ پنجند لنک کینال میں 11 ہزار 250، مظفرگڑھ کینال میں 7 ہزار، ڈیرہ غازی خان کینال میں 8 ہزار 100 جبکہ کچھی کینال میں 200 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 27 ہزار جبکہ اخراج 2 لاکھ 25 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1505.11 فٹ ہے ، جہاں آمد 1 لاکھ 96 ہزار 300 اور اخراج 1 لاکھ 95 ہزار 500 کیوسک ریکارڈ ہوا۔دوسری جانب دریائے چناب میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے ۔ مرالہ ہیڈورکس، خانکی ہیڈورکس اور قادرآباد بیراج پر پانی کی آمد و اخراج معمول کے مطابق ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ آبپاشی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال اطمینان بخش ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments