سرکاری اراضی قرعہ اندازی، 154 ایم ایل کے مکینوں کا احتجاج

سرکاری اراضی قرعہ اندازی، 154 ایم ایل کے مکینوں کا احتجاج

پٹواری پر من پسند افراد کو شامل کرنیکا الزام،وزیراعلیٰ،کمشنر سے نظرثانی کا مطالبہ

کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کی اپنا کھیت،اپنا روزگارسکیم کے تحت سرکاری اراضی کی قرعہ اندازی پر154ایم ایل کے رہائشیوں کا احتجاج،پٹواری پر من پسند افراد کو قرعہ اندازی میں شامل کرنے کا الزام،نظرثانی کرکے غریب آبادکاروں کو زمین الاٹ کرنے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اپنا کھیت،اپنا روزگار سکیم کے تحت سرکاری زرعی اراضی کی قرعہ اندازی کے خلاف موضع 154ایم ایل کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ کئی دہائیوں سے متعلقہ اراضی پر آباد ہیں اور ان کے آباؤ اجداد کو یہ زمینیں الاٹ کی گئی تھیں جو اس وقت غیر آباد تھیں اور انہوں نے اپنی محنت سے انہیں قابل کاشت بنایا،متاثرین حاجی اللہ بخش،مجاہد خان،سجادحسین،محمداکرم،اقبال حسین ابوبکر،محمد حسین،حاجی اللہ یار اور دیگر نے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے انہی زمینوں پر کاشتکاری کر رہے ہیں اور حکومت کو مقررہ واجبات بھی ادا کرتے رہے ہیں۔

مگر حالیہ قرعہ اندازی میں مبینہ طور پر پٹواری نے اپنے من پسند چند افراد کے نام شامل کرکے اصل آبادکاروں کونظر انداز کر دیاجس سے انہیں شدید مایوسی اور تشویش کا سامنا ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا ان زمینوں پر دوسروں کی نسبت زیادہ حق بنتا ہے کیونکہ انہوں نے برسوں کی محنت سے بنجر اراضی کو قابل کاشت بنایا اور اسی زمین سے اپنے خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے ،انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب،بورڈ آف ریونیو،کمشنر،ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ قرعہ اندازی کے عمل کا ازسرنو جائزہ لیا جائے ،شفاف تحقیقات کرائی جائیں،اصل آبادکاروں کے حقوق کا تحفظ کیاجائے انہیں بے دخل کرنے کے بجائے یہی اراضی الاٹ کی جائے تاکہ غریب خاندان بے روزگار اور بے گھر ہونے سے بچ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...